وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کو پہلی مرتبہ ایک الگ اور خودمختار ریاست کی تحریک آئینی اور قانونی خدوخال میں پیش کی گئی۔ اس میں ان علاقوں، صوبوں اورخطوں کی نشاندہی کی گئی جوپاکستان میں شامل کیے جانے تھے۔ یہ وہ تاریخ ساز دن ہے جب مسلمانان برصغیر کی قیادت نے دنیا کی واحد اسلامی نظریاتی مملکت کا تصور وضع کیا۔ اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیر نے ایمان،اتحاد اور تنظیم کے سنہرے اصولوں کو اپناتے ہوئے 14 اگست 1947 کو مملکت خداداد پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ پاکستان کے حصول کی جدوجہد میں لاکھوں مسلمانان برصغیر کی قربانیاں اور ہجرتیں شامل ہیں۔ ریاست جموں و کشمیر کے نمائندگان کی اقبال پارک کے اس اجلاس میں شرکت اس بات کی غمازی کرتی تھی کہ یہ خواب کشمیریوں نے بھی پاکستان کی دیگر اکائیوں کے ساتھ مل کر دیکھا۔ یہی وجہ ہے کہ لفظ پاکستان کی تکمیل بھی کشمیر کے بغیرممکن نہیں ہوتی۔ پاکستان اورجموں کشمیر کے عوام آج بھی اس رشتہ کی اپنے خون سے آبیاری کر رہے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری تحریک آزادی درحقیقت اسی تصور پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ملک دشمن قوتیں فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کا سہارا لے رہی ہیں۔ پاکستان کی بہادر افواج ان فتنوں کی سرکوبی اور اپنے وطن کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے جانوں کی قربانیاں پیش کر رہی ہیں۔ پاکستان کی قوم اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہیں۔ آج کے دن قیام پاکستان کی جدوجہد اور دفاع پاکستان کے لیے قربانیاں پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جان، مال، عزت اور آبرو کی قربانیاں پیش کرنے والوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان شاء اللہ کشمیریوں کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور تحریک آزادی کشمیر اپنے منطقی انجام تحریک تکمیل پاکستان کی منزل بہرصورت حاصل کرکے رہے گی۔
