ڈیلی پرل ویو.اٹھمقام / نیلم (نامہ نگار) ماربل تا اٹھمقام نیلم سٹی مرکزی شاہراہ پر محکمہ شاہرات کی جانب سے بیچ ورک مکمل ہونے کے بعد سیاحوں اور مقامی شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ راستے کی بہتری سے نہ صرف آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوئی ہے بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی مثبت اثرات دیکھنے کو ملے ہیں۔
اہلیان نیلم، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور دیگر شہریوں نے ایکسین شاہرات نیلم اور ان کی ٹیم کو اس بروقت اقدام پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی دیکھ بھال اور مینٹیننس نہ صرف محکمہ شاہرات کی ذمہ داری ہے بلکہ یہ عوامی سہولت اور ریاستی ترقی کا اہم جزو ہے۔
مظفرآباد سیکشن کی حالت بھی بہتر بنائی جائے
عوامی حلقوں نے اس موقع پر محکمہ شاہرات مظفرآباد سے بھی اپیل کی ہے کہ ماربل تا مظفرآباد شاہراہ کی حالت زار کا بھی نوٹس لیا جائے۔ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اگر اس حصے پر بھی توجہ دی جائے تو مظفرآباد کی حدود میں بھی سفر محفوظ اور آسان بنایا جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ نیلم ویلی کا مجموعی امیج بھی بہتر ہوگا۔
سیاحوں کے تاثرات
مظفرآباد اور دیگر علاقوں سے نیلم آنے والے سیاحوں نے شاہراہ نیلم کی بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفر میں روانی اور آرام ہونے سے نیلم کی خوبصورتی کا حقیقی لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔