0

یونیورسٹی آف بھمبر کا قیام وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کے ویژن کی عملی تعبیر

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کے خواب کو حقیقت میں بدلتے ہوئے وائس چانسلر مسٹ یونیورسٹی بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید نے محض ایک سال کے قلیل عرصے میں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی آف بھمبر کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے دنیا کے آٹھ جدید ترین پروگراموں کا این او سی حاصل کر لیا۔

یہ عظیم کامیابی وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اور صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کلیدی رہنمائی اور ہدایات کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔ یونیورسٹی آف بھمبر کے قیام اور تیز رفتار ترقی کو آزاد کشمیر کے تعلیمی شعبے میں ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ایچ ای سی سے منظور شدہ نئے پروگرامز میں بی ایس آرٹیفیشل انٹیلیجنس، بی ایس کمپیوٹر سائنس، بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی، بی ایس میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی، بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس اور ڈاکٹر آف فزیکل تھیراپی (ڈی پی ٹی) شامل ہیں۔ ان جدید تعلیمی شعبوں کے آغاز سے بھمبر کے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی حاصل ہوگی اور روزگار کے وسیع مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔

یونیورسٹی آف بھمبر کے پہلے وائس چانسلر بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی و بین الاقوامی شہرت اور انتھک محنت سے ادارے کو قلیل عرصے میں غیر معمولی تعلیمی ترقی سے ہمکنار کیا۔ وائس چانسلر کی قیادت میں جدید لیبارٹریز کا قیام، فیکلٹی ہائرنگ اور تعلیمی ماحول کی بہتری جیسے اقدامات بروقت مکمل کیے گئے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کی ٹریژرار ڈاکٹر صائمہ ہاشمی نے جدید لیبارٹریز اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جبکہ رجسٹرار ڈاکٹر عابد حسین نے دستاویزی تقاضے بروقت پورے کر کے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ نئے پروگرامز کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود تعلیمی شعبوں جیسے ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن، بی ایس اینیمل سائنسز، بی ایس باٹنی، بی ایس انگلش اور بی ایس اکنامکس کو بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی باضابطہ منظوری مل گئی ہے۔

یہ سنگِ میل بھمبر کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی ضمانت اور آزاد کشمیر کو عالمی تعلیمی نقشے پر نمایاں کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں