ڈیلی پرل ویو.وادی نیلم(نامہ نگار) فلاحی تنظیم ”برڈ فاؤنڈیشن“ اور پاورٹی ایلیویشن فنڈ، ٹرانسپیرنٹ ہینڈ کے اشتراک سے وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں 4 روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا مقصد سیلاب متاثرہ اور دور دراز علاقوں کے مکینوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
ڈائریکٹر میڈم طاہرہ کاظمی کی نگرانی میں ملک کے معروف ماہر امراض اور پیرامیڈیکل عملے نے ہزاروں مریضوں کا معائنہ کیا اور مفت ادویات فراہم کیں۔ کیمپ کنڈلشاہی، سالخلہ، دودھنیال اور شاردہ میں لگائے گئے جہاں مجموعی طور پر 1294 مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں کنڈلشاہی 313، سالخلہ 270، دودھنیال 341 اور شاردہ 370 مریض شامل تھے۔
مریضوں میں بزرگ، خواتین اور بچے شامل تھے جنہیں مختلف امراض کے ٹیسٹ، ابتدائی طبی امداد، اور عام بیماریوں کے علاج کی سہولت دی گئی۔ اس دوران جسم میں پانی کی کمی سے بچاؤ کے حوالے سے ایک خصوصی آگاہی سیشن بھی منعقد کیا گیا۔
میڈم طاہرہ کاظمی نے کہا کہ برڈ فاؤنڈیشن اور پاورٹی ایلیویشن فنڈ انسانیت کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں، اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے برگیڈیئر 32 برگیڈ کیل محمد عمران ارشد چیمہ، کمانڈنگ آفیسر دودھنیال محمد عابد علی، محکمہ صحت عامہ، مقامی نمائندوں اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔
اس موقع پر صدر معلمہ پروین اختر اور علاقہ عمائدین نے میڈیکل کیمپ کے کامیاب انعقاد پر برڈ فاؤنڈیشن اور پاورٹی ایلیویشن فنڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ کیمپ کے دوران صدر پریس کلب شاردہ سردار اورنگزیب اور دیگر معززین نے انتظامات کو سراہتے ہوئے اسے وادی نیلم کے عوام کے لیے ایک قابلِ تقلید فلاحی اقدام قرار دیا۔