0

ڈپٹی کمشنر بھمبر کی ہدایت پر عوامی ریلیف کے لیے اقدامات تیز، گرانفروشوں اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کا حکم

بھمبر(ڈیلی پرل ویو)ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز کی ہدایت پر عوامی ریلیف کے لیے اقدامات تیز،بھمبر ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ٹریفک کے مؤثر نظام، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس، انتظامیہ اور مجسٹریٹس متحرک رہیں۔ڈی سی بھمبر نے ہدایت کی کہ بازاروں میں گرانفروشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے تاکہ عام شہریوں کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں۔ انہوں نے مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کریں اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنائیں۔چوہدری حق نواز نے ٹریفک پولیس کو حکم دیا کہ شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے پلان پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے تاکہ عوامی مقامات پر شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی سہولت اور نظم و ضبط برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں