ڈیلی پرل ویو،وزیر اطلاعات ، اوقاف و مذہبی امور آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ کم وقت میں زیادہ کام کرنا ہے۔ محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر میں اصلاحات، سوشل و ڈیجیٹل اسکوپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ جاتی بہتری کے عمل میں افسران و عملے کی ٹریننگ سمیت تمام امور کو بہتر بنایا جائے گا۔ اخلاص کے ساتھ کام کرنا ہے، ہمیشہ بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے، مل کر کام کر کے چیزوں کو ٹریک پر لانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اطلاعات کا چارج سنبھالنے کے بعد پی آئی ڈی کمپلیکس میں محکمانہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات کو محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر کی کارکردگی اور تنظیمی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں ادارے کو درپیش مسائل، اصلاحی اقدامات اور آئندہ کی حکمتِ عملی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید، ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس، ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا، محکمہ اطلاعات کے افسران راجہ محمد سہیل خان، سید آصف حسین نقوی، قراۃ العین شبیر، خضر حیات، راجہ عبدالباسط خان، پروگرامر سردار شمیم انجم عزیز، ساجد نذیر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ انفارمیشن آفیسر راجہ محمد سہیل خان نے محکمہ کے مختلف شعبہ جات کی ورکنگ، ترقیاتی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری اطلاعات آزاد کشمیر سردار عدنان خورشید نے بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ محکمہ اطلاعات کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات چوہدری رفیق نیئر کی قیادت میں محکمہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائے گا۔قبل ازیں وزیر اطلاعات کا پی آئی ڈی کمپلیکس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل