وادی لیپہ (ڈیلی پرل ویو) آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی لیپہ میں واقع دلکش سیاحتی مقام منڈا کلی بیلا اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔
اس مقام کو اس کی دلکش فضا اور قدرتی حسن کی وجہ سے ’’منی پہلگام‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ سال کے مختلف موسموں میں یہاں کا منظر بدلتا رہتا ہے جو سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے ۔
گرمیوں کے موسم میں منڈا کلی بیلا سرسبز و شاداب میدانوں، بلند و بالا درختوں اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے نہایت دلکش منظر پیش کرتا ہے ۔
سیاح یہاں آ کر قدرت کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور پرسکون ماحول میں وقت گزارتے ہیں ۔ تاہم سردیوں میں جب برفباری ہوتی ہے تو یہی مقام برف کی سفید چادر اوڑھ کر ایک منفرد اور سحر انگیز منظر پیش کرتا ہے ۔
ان دنوں منڈا کلی بیلا میں برف موجود ہے جسے دیکھنے کیلئے ملک کے مختلف علاقوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہے ۔ سیاح برفباری سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔