2

آزاد کشمیر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ سے ملاقات

ڈیلی پرل ویو.آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔ ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی ،سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر راجہ شکیل خان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر،ممبر الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن جب الیکشن کمیشن پاکستان کے دفتر پہنچے تو حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کے سلسلے میں مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے حلقوں میں ووٹر لسٹوں کی تیاری، پولنگ اسٹیشنوں کے قیام اور پولنگ عملے کی تعیناتی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا تعاون درکار ہے تاکہ مہاجرین کے حلقوں میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کروائے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کو اس سلسلے میں بھرپور معاونت فراہم کی تھی اور امید ہے کہ اس بار بھی اسی طرح کا تعاون جاری رہے گا۔جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے مزید کہا کہ اس حوالے سے پونچھ ہاؤس میں قائم الیکشن کمیشن کے دفتر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے درمیان قریبی رابطہ رکھا جائے گا تاکہ انتظامی امور کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے اور مہاجرین کے حلقوں میں انتخابی عمل کو ہر ممکن سہولت کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان، الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کو مہاجرین کے حلقوں میں انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ انتخابی عمل شفاف اور منظم طریقے سے مکمل ہو سکے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر آزادجموں و کشمیر کو سوونئئر پیش کیا جبکہ چیف الیکشن کمشنر آزادجموں و کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان کو بھی سوونئیر پیش کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں