مظفرآباد میں یومِ تشکر: ریلی، نعرے، اور شہداء کو خراجِ عقیدت 0

مظفرآباد میں یومِ تشکر: ریلی، نعرے، اور شہداء کو خراجِ عقیدت

مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) — یومِ تشکر کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد میں تاریخی معرکہ حق میں فتح پر عقیدت و احترام کے ساتھ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم سیکرٹریٹ سے یادگارِ شہداء چھتر چوک تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس میں عوام، حکومتی نمائندگان، اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی میں پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک نیوی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے، جبکہ بھارت کے خلاف اور تحریک آزادی کشمیر کے حق میں بھی زبردست آواز بلند کی گئی۔

ریلی میں عوام کی بھرپور شرکت
ریلی میں وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، مشیر حکومت محترمہ نثارہ عباسی، حکومت آزاد کشمیر کے سیکرٹریز، سرکاری ملازمین، انتظامیہ، اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، اور فضا “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔

افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے کہا:

“افواج پاکستان مملکت کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں۔ ‘آپریشن بنیان المرصوص’ نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے ہیں۔”

انہوں نے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپہ سالار کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا:

“پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے گھر میں گھس کر اسے نشانہ بنایا، جس سے بھارت پر ہیبت طاری ہو گئی۔ ان شاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب سری نگر کی آزاد فضاؤں میں ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعرے لگیں گے۔”

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے: نثارہ عباسی
مشیر حکومت محترمہ نثارہ عباسی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:

“مسلح افواج پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ پاکستان سے کشمیر کا رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہے۔”

انہوں نے کہا کہ قوم اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمن کے ہر وار کو ناکام بنائے گی اور مسلح افواج پاکستان کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے “آپریشن بنیان المرصوص” کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا:

“ہماری آزادی کی جدوجہد جاری ہے، اور ان شاءاللہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔”

دعائیں اور عزم نو
ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، شہداء پاکستان اور شہداء تحریک آزادی کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عہد کا اظہار کیا کہ:

“وطن کی حرمت، سالمیت اور آزادی کی خاطر ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہیں گے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں