0

کمشنر مظفرآباد ڈویژن کی زیر صدارت ریجنل/ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد

ڈیلی پرل ویو. کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتارحسین کی زیر صدارت ریجنل/ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمانڈر ون اے۔کے بریگیڈ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس(ریجن)مظفرآباد یاسین قریشی،ڈی جی سیاحت چوہدری مہربان ،ڈی جی ایس ڈی ایم اے سرداروحیدخان،چیئرمین ایم ڈی سے شفیق احمد، سپرنٹنڈنگ انجینئرہائی وے سیدکاشف علی گزدیزی ،سپرنٹنڈنگ برقیات، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق، ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ، ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال،میئر بلدیہ مظفرآباد، سپرنٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی مرزا زاہد، سپرنٹنڈنٹ پولیس نیلم ویلی خواجہ محمد صدیق ، سپرنٹنڈنٹ پولیس سی ٹی ڈی ،ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس مظفرآبادرضاگیلانی، سید عمران عباس ADC(G)مظفرآباد، ڈی ایس پی سپیشل برانچ ذاکر اقبال، اور سیکیورٹی ایجنسیز کے آفیسران /نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں اجلاس کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتارحسین کہا کہ سول و ملٹری کوآرڈینیشن کی بدولت نہ صرف ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا بلکہ اندرونی سطح پر دہشتگردی کے منصوبے بھی ناکام بنائے گئے۔ انہوں نے افواج پاکستان، پولیس اور دیگر اداروں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فورم کا مقصد ڈویژن میں عوامی خدمت کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینا اور مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا ہے اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی عوامی خدمت کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبے جات کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے منصوبہ جات کے لیے فنڈز مہیا کیے ہیں محکمہ جات عوامی سہولیات کے لیے شروع کیے منصوبوں کو مکمل کریں تاکہ لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں۔ اعلیٰ ملٹری حکام نے اجلاس میں ہندوستانی جارحیت کے خلاف عوام اور سول انتظامیہ کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی اور شہداء کی قربانیوں کو سراہا۔ اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اسکی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے، جرائم کے خاتمہ، ٹریفک مسائل کے خاتمہ سمیت شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر آزادکشمیر میں مختلف منصوبہ جات پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ راڑاہ جیل کا جائنٹ سیکیورٹی آڈٹ کیئے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبہ جات بروقت تکمیل کے لیے تمام محکمہ جات کوآرڈینیشن سے کام کریں گے۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے اپنے اپنے ضلع میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمہ جات اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کاری کو مزیدبہتربنایا جائے۔امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ بھرپور انداز میں کام کرے۔ ٹریفک کے مسائل کو حل کیا جائے۔آزادکشمیر ملک کا ایک بہترین سیاحتی مقام ہے،سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے نظام کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ سیاحوں کوچیک کرنے کےبعد اُن کا ڈیٹامرتب کرتے ہوئےٹیگ جاری کیئے جائیں تاکہ اُن کو باربارچیکنگ کے عمل سے نہ گزرنا پڑے۔ اس کے علاوہ ٹورآپریٹرزکی رجسٹریشن کی جائے اور سوشل ،پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوام و الناس میں آگاہی دی جائے کہ سیاح حضرات صرف رجسٹرڈ ٹورآپریٹرز کے ذریعہ ہی سیروتفریح کے پروگرام ترتیب دیں۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس یاسین قریشی نے کہا کہ ملک کی انٹرنل سیکیورٹی اور امن وامان کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے جبکہ ایکسٹرنل سیکیورٹی افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ ہمارا مقصد ایک ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم کوآرڈینیشن سے کام کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر مجموعی طور پر پرامن خطہ ہے یہاں لا اینڈ آرڈر کاکوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔ انٹری پوانٹس پر چیکنگ کے نظام میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنرز اور سپرنٹنڈنٹ پولیس نے اپنے اضلاع میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاسوں، ترقیاتی منصوبہ جات، عوامی فلاحی اقدامات اور درپیش چیلنجز پر فورم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے تعطل کا شکار ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور مستقبل کی ضروریات سے بھی آگاہ کیا۔ محروم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات پر بھی فورم کو بریفننگ دی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فاروق نے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے صحت کی سہولیات میں بہتری لانے کے لیے کیے گئے اقدامات اور مسقبل کے منصوبہ جات پر فورم کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صحت کا بجٹ بڑھا دیا ہے جس کا فائدہ براست عوام کو ہو گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور ریاست کے پرامن ماحول کو خراب کرنے اور دہشگردی کے منصوبہ بنانے والوں اور ان کے سہولت کاروں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر ون اے ۔کے بریگیڈ نے کہا کہ اس فورم کا مقصد ایک دوسرے کے کام کا جائزہ لے کر کوآرڈینیشن کو بڑھانا ہے تاکہ زیادہ بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی مسائل سے ہی امن وامان کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اس لیے ان مسائل کو متعلقہ محکمہ جات بروقت حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن اور غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی، بجلی کی بلا تعطل ترسیل، سڑکوں کی بہتری، صحت و سیاحت کے فروغ کے لیے اعلیٰ حکام کو تجاویز بھیجی جائیں گی تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل میں کمی لائی جا سکے۔اجلاس میں آپریشن بنیان مرصوص میں شہید ہونے والوں اور دہشگردوں کے مقابلے میں شہادت کا رتبہ پانے والے پولیس کے جوانوں کے لیے فاتحہ اور خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں کمشنرمظفرآبادڈویژن نے جملہ شرکاء اجلاس کا شکریہ اداکیا اور اس کے ساتھ اجلاس اختتام پذیرہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں