مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کے انتخابات 2025 کے لیے الیکشن کمشنر راجہ افتخار احمد نے عدالتی حکم پر باضابطہ انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے مرکزی ایوان صحافت میں مختصر پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ عدالتی فیصلے اور مصالحتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں انتخابات کا عمل فوری شروع کیا جا رہا ہے۔
اعلان کردہ شیڈول کے مطابق:
کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ: 12 جولائی، دن 12 بجے تک
کاغذات کی جانچ پڑتال: دن 1 بجے تا 2 بجے
حتمی فہرست کا اجرا: دن 2 بجے تا 3 بجے
کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت: دن 4 بجے تا 5 بجے
پولنگ کا دن: 13 جولائی، صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سنٹرل پریس کلب کے انتخابات عموماً ہر سال جنوری کے پہلے ہفتے میں منعقد کیے جاتے ہیں، تاہم رواں سال الیکشن شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی عدالت کی جانب سے حکمِ امتناعی جاری کر دیا گیا تھا۔ دو روز قبل سینئر سول جج کی عدالت میں مختلف صحافتی گروپوں کی طرف سے مصالحت نامہ پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے انتخابی عمل کو فوری مکمل کرنے کا حکم جاری کیا۔
الیکشن شیڈول کے اجراء پر صحافتی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ تمام پینلز نے انتخابی عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے جمہوری روایات کے مطابق بھرپور حصہ لینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں جاری اس انتخابی عمل کو آزادی صحافت، اتحاد، اور پیشہ ورانہ استحکام کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔