ڈیلی پرل ویو. یوم شہدائے کشمیر،کل جماعتی حریت کانفرنس کا 13جولائی1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عظیم الشان ریلی کا اعلان،مظفرآباد کے شہریوں سے 13جولائی کی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل۔پی ٹی آئی،جماعت اسلامی ودیگر جماعتوں نے بھرپورشرکت کا عندیہ دے دیا۔ان خیالات کا اظہار سابق کنونیئر حریت کانفرنس سید یوسف نسیم،اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد،سیکرٹری جنرل اے پی ایچ سی پرویز احمد ایڈووکیٹ، امیر جماعت اسلامی مظفرآباد شہر راجہ آفتاب، اور امیر مہاجرین عزیر غزالی ودیگر کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن تاریخِ کشمیر میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب مظلوم کشمیری عوام نے اپنی آزادی، تشخص اور حقِ خودارادیت کے لیے جامِ شہادت نوش کیا۔ 13 جولائی کے شہداء نے سری نگر سینٹرل جیل کے باہر اذان کی تکمیل کے دوران اپنی جانیں قربان کر کے آزادی کی ایسی چنگاری روشن کی جو آج بھی پوری وادی میں امید، قربانی اور استقامت کی علامت ہے۔پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا گیا کہ یومِ شہداء کشمیر کے موقع پر 13 جولائی 2025 کو مظفرآباد میں ایک عظیم الشان عوامی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں تمام سیاسی، مذہبی، سماجی جماعتوں کے نمائندوں سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ”یومِ شہداء کشمیر محض ایک تاریخی یادگار نہیں بلکہ یہ ایک پیغام ہے — حق کے لیے ڈٹ جانے، قربانی دینے اور آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے کا پیغام دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے اہلیانِ مظفرآباد، مہاجرینِ جموں و کشمیر، طلبہ، وکلاء، تاجروں، علما، صحافیوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے پُر زور اپیل کی ہے کہ وہ اس بابرکت دن کی مناسبت سے منعقدہ ریلی میں بھرپور شرکت کریں اور شہداء کشمیر سے تجدیدِ عہد کریں۔پریس کانفرنس میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ بھارت کی قابض افواج نے آج بھی کشمیریوں کے انسانی، سیاسی اور مذہبی حقوق سلب کر رکھے ہیں، اور ان مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر کشمیری کا قومی، دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔آخر میں حریت قائدین نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے جائز مطالبے کی حمایت کریں۔مرکزی ایوان صحافت میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج سال سے 94سال قبل 13جولائی 1931کو ڈوگرہ راج کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذارنہ پیش کر کے تحریک آزادی کی بنیاد رکھنے والے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 13جولائی کو ہر سال کی طرح مظفرآباد میں عظیم الشان ریلی نکال کر اس عزم کا اعادہ کیا جائے گا کہ کشمیر ی اپنی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔بہت جلد بھارت کے ظلم وستم کی کالی رات ختم ہو گی اور کشمیری آزاد فضاوں میں سانس لے سکیں گئے۔ 13 جولائی 1931ء کا دن کشمیری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس میں شہداء نے جبر و استبداد کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تحریک آزادی کو ایک ناقابلِ فراموش موڑ دیا۔ آج جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد اپنے عروج پر ہے، تو ان عظیم شہداء کی یاد منانا نہ صرف ہماری اخلاقی بلکہ قومی و ملی ذمہ داری بھی ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حریت کانفرنس کے قائدین اور اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ 13 جولائی کو مظفرآباد میں ہونے والی عوامی ریلی میں بھرپور شرکت کر کے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ کشمیری قوم آج بھی اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھے ہوئے ہے اور ان کے مشن کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ 13 جولائی 1931 تاریخ کشمیر کا وہ ناقابل فراموش باب ہے جب ڈوگرہ سامراج کے خلاف اذان دیتے وقت 22 کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان شہداء کا پیغام ہمیں آزادی، خودداری، اور دین پر استقامت کی تلقین کرتا ہے۔” شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی۔13جولائی 1931میں جموں کشمیر کی ڈوگرہ راج سے آزادی کے لیے چلنے والی تحریک آج بھی اپنی پوری آب وتاب سے جاری ہے۔13جولائی 1931کے شہداء کشمیر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیریوں نے آزادی کے لیے اپنی جان ومال کی قربانی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بھارت کے ظلم وستم کا شکار اپنے کشمیر ی بھائیوں کو آزادی دلونے کے لیے اپنی جدوجہد رکھیں گئے یہی شہداء کے خون کا تقاضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں کہ پاک فوج نے کشمیریوں کو آزادی دلوانے کے لیے ہمیشہ کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔پہلگام واقعہ کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا جینا مزید مشکل کر دیا ہے،بزدل دشمن نے آزاد کشمیر پر گذشتہ دنوں حملہ کیا تو سرحدوں کی محافظ پاک فوج نے آپریشن بنیان المرصوص کر کے بزدل دشمن کو گٹھنے ٹیکنے پر مجبور کر کے جارحیت کا ایسا جواب دیا کہ اب بھارت کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پائے گا۔پریس کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی،کشمیر اور غزہ کے شہداء اور پاک فوج کے لیے دعا بھی کی گئی۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل