ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے توانائی اور آبی وسائل سے متعلق امور پر ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران اور ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں جاری اور آئندہ منصوبہ بندی کے تحت توانائی کے منصوبوں، پن بجلی کے وسائل، آبی ذخائر اور ان کے مؤثر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ توانائی کے جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آبی وسائل ریاست کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کے پائیدار اور دانشمندانہ استعمال سے نہ صرف توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ معاشی ترقی کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔
اجلاس میں پن بجلی کے نئے منصوبوں، ڈیمز کی صورتحال، اور آبی تحفظ کے حوالے سے جاری کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو منصوبہ جات کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔