ڈیلی پرل ویو۔صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بار کونسل عقاب ہاشمی ایڈووکیٹ نے ایوانِ صدر، کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر ریاست نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر بار کونسل کو آئین و قانون کی بالادستی، اور عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے موثر کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ریاست کو حقیقی معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنایا جا سکے، جہاں ہر شہری کو مساوی قانونی حقوق میسر ہوں۔
صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ وکلاء برادری نے تحریکِ آزادی کشمیر میں ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا ہے، لہٰذا وکلاء کو چاہیے کہ وہ ریاست میں قانون کی حکمرانی کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اُجاگر کرنے کے لیے میڈیا، سوشل میڈیا اور دیگر عالمی فورمز پر بھی سرگرم کردار ادا کریں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔