0

غیرسیاسی نظام نے نظریاتی سیاست کو نقصان پہنچایا، مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں حکومت بنائے گی: راجہ فاروق حیدر

ڈیلی پرل ویو ۔سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں غیرسیاسی نظام کے فروغ نے نظریاتی سیاست کو کمزور کر دیا ہے، موجودہ حکومت نہ صرف سیاسی آنرشپ سے محروم ہے بلکہ اس کی کوئی نظریاتی بنیاد بھی نہیں، جس کے باعث ریاستی معاملات میں مسائل جنم لے رہے ہیں۔

ن لیگ کے ضلعی دفتر میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک نظریہ کا نام ہے، جس نے 2016 سے 2021 کے دوران آئینی، انتظامی اور ترقیاتی میدان میں تاریخی خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ 2021ء کے انتخابات میں عمران خان نے سازش کے تحت مسلم لیگ (ن) کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، جس کے بعد اب تک اسمبلی میں تین وزرائے اعظم تبدیل ہو چکے ہیں۔

ن لیگ میں اہم شمولیتیں، کئی شخصیات نے پی ٹی آئی و پیپلزپارٹی چھوڑ دی
شمولیتی تقریب کے دوران یونین کونسل سیناں دامن سے چوہدری محمد رفیق، چوہدری محمد صدیق، چوہدری طاہر رفیق، چوہدری ابرار، چوہدری کامران، چوہدری یاسر، چوہدری ناصر، چوہدری ارفاق عرفان، چوہدری حفیظ، مقصود حسین، محمد صدام، محمد فاروق، چوہدری طارق، چوہدری جہانگیر، چوہدری لطیف، چوہدری اسد، چوہدری بشیر، دانش چوہدری، چوہدری نزیر، چوہدری اظہر، چوہدری مظہر اور پرویز نے پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔

سابق وزیراعظم نے شامل ہونے والوں کو ہار پہنائے اور پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

ن لیگ میں عوامی اعتماد بحال، آئندہ حکومت بنانے کیلئے پرعزم
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں عوام کی تیزی سے شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام دوبارہ ن لیگ کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ “ہماری حکومت میں ٹیم ورک تھا، احساس ذمہ داری تھا، آج کی حکومت میں ان دونوں چیزوں کا فقدان ہے۔”

پارٹی تنظیم سازی پر زور، ضلعی قیادت کو ہدایات جاری
سابق وزیراعظم نے امیدوار ضلع کونسل سید امتیاز ہمدانی ایڈووکیٹ اور لوکل کونسل عبدالغفور صمد کو ہدایت دی کہ جماعتی صفوں کو مضبوط بنانے، نئے شامل ہونے والے افراد کے ساتھ رابطہ بڑھانے اور تنظیمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر لائحہ عمل ترتیب دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ “ہٹیاں بالا میں اپنی بساط کے مطابق عوام کی خدمت کی، جب تک اللہ نے ہمت اور اختیار دیا ہے، ایمانداری سے عوامی خدمت جاری رکھوں گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں