0

مرکزی ایوانِ صحافت میں تاجر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا وفد، نومنتخب قیادت کو مبارکباد

مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) مرکزی ایوانِ صحافت میں تاجر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ایک نمائندہ وفد نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ وفد نے صدر سجاد قیوم میر، سینئر نائب صدر نصیر انور، نائب صدر تنویر تنولی، سیکرٹری جنرل سید اشفاق حسین شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل راجہ خالد، جوائنٹ سیکرٹری شاہ ذیب افضل، سیکرٹری مالیات انصر صدیق خواجہ اور سیکرٹری اطلاعات میر بشارت حسین کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران شوکت نواز میر، راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ، انجم زمان اعوان، جمیل عباسی، راجہ سعید خان، حفیظ ہمدانی، بوبی خان، صاحبزادہ وقاص، عمران پنڈت، خواجہ عامر یوسف زرگر سمیت دارالحکومت کی تمام مارکیٹوں کے صدور و تاجر رہنماؤں نے ایوانِ صحافت کا دورہ کیا اور فرداً فرداً نومنتخب عہدیداران کو کامیابی کی دعائیں دیں۔

تاجر رہنماؤں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ نئی صحافتی قیادت ایوانِ صحافت کی شاندار روایات کو نہ صرف برقرار رکھے گی بلکہ صحافت میں جدید رجحانات کو بھی فروغ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری نے ہمیشہ عوام کی آواز کو ایوانِ اقتدار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید کہا گیا کہ تحریکِ آزادی کشمیر، قدرتی آفات اور بھارتی جارحیت جیسے نازک مواقع پر آزاد کشمیر کے صحافیوں کا کردار مثالی رہا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود صحافیوں نے بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کے جذبات اور مسائل کو اجاگر کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

تاجر رہنماؤں نے کہا کہ ایوانِ صحافت نہ صرف خبروں کی ترسیل کا مرکز ہے بلکہ یہ ادارہ عوامی جذبات، قومی تشخص اور انسانی ہمدردی کا محافظ بھی ہے۔ نومنتخب قیادت سے وابستہ امیدیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایوانِ صحافت آئندہ بھی عوامی توقعات پر پورا اُترے گا اور آزاد صحافت کے مشن کو جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں