مظفرآباد: ڈیلی پرل ویو.پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور قائد حزب اختلاف، خواجہ فاروق احمد نے مظفرآباد شہر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں، بالخصوص چہلہ بانڈی محلہ باغ میں فوری امدادی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے نے ایک بار پھر محلہ باغ چہلہ بانڈی کے مکینوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ گھروں کے تمام کمرے پانی سے بھر گئے، فرنیچر، قالین اور دیگر سامان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
خواجہ فاروق احمد نے نشاندہی کی کہ جب بھی موسلا دھار بارش ہوتی ہے، گیلانی پیٹرول پمپ کے قریب چہلہ بانڈی میں نکاسی آب کا مؤثر انتظام نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی محلہ باغ کے رہائشی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ حالیہ بجٹ میں انہوں نے نو شہری ترقیاتی منصوبہ جات کی نشان دہی کی تھی، جن میں چہلہ بانڈی میں نکاسی آب کا منصوبہ بھی شامل تھا، تاہم حکومت نے اسے نظر انداز کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومتی غفلت کا نتیجہ ہے کہ آج پھر عوام کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ خواجہ فاروق احمد نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر محکمہ پبلک ہیلتھ کو احکامات جاری کرے تاکہ نکاسی آب کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ اگر اس مقصد کے لیے کسی کی زمین درکار ہو تو حکومت اسے ایوارڈ کے تحت معاوضہ دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبے میں کوئی باشعور شہری رکاوٹ نہیں ڈالے گا۔
قائد حزب اختلاف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حالیہ نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے گھروں کو آباد کر سکیں۔