govt ajk 0

قرآن و سنت کے بغیر اسلامی معاشرہ کا قیام ممکن نہیں: وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

مظفرآباد: ڈیلی پرل ویو.وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے بغیر کسی اسلامی معاشرے کی بقاء اور اس کے قیام کا تصور ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکھنے اور سکھانے کے عمل کا آغاز پہلی وحی “اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِىْ خَلَقَ” سے ہوا، جو مکہ مکرمہ کے دار ارقم سے مدینہ منورہ کے مدرسہ صفہ تک پہنچا، جہاں معلم انسانیت حضرت محمد ﷺ نے ایسی جماعت تیار کی جس نے دنیا بھر میں اسلام کا پیغام پھیلایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ الحسنین کے دورہ کے دوران اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جامعہ کے نگرانِ اعلیٰ مولانا اعجاز محمود اور دیگر اساتذہ کرام سے تفصیلی ملاقات کی اور تعلیمی نظام پر بریفنگ حاصل کی۔

پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ استاد صرف علم سکھانے والا نہیں بلکہ شاگرد کی کردار سازی میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ قرآن و حدیث میں استاد اور شاگرد کے رشتے کی عظمت کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اسلام میں استاد کو روحانی والد کا درجہ حاصل ہے، جبکہ شاگردوں کو ادب و احترام کے ساتھ پیش آنے کی تلقین کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علم کی فضیلت پر رسول اکرم ﷺ کی متعدد احادیث مبارکہ موجود ہیں، جن سے علم کی اہمیت اور برتری واضح ہوتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام اس بات کا خواہاں ہے کہ دنیا میں بسنے والا ہر فرد تعلیم کے ذریعے اشرف المخلوقات کے اعلیٰ درجے پر فائز ہو۔

انہوں نے قرآن و سنت کو حقیقی علم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی علم انسانیت کی فلاح و بہبود کا ضامن ہے، جبکہ دیگر علوم محض معلومات کے درجے میں آتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں