0

ًمظفرآباد چھتر کلاس جنگلی کہو پر زیتون کی پیوندکاری کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) سیکرٹری زراعت و لائیوسٹاک کی ہدایت پر محکمہ زراعت توسیع مظفرآباد کے زیر انتظام چھتر کلاس میں ایک روزہ تربیتی پروگرام بعنوان “جنگلی کہو پر اعلیٰ اقسام زیتون کی پیوندکاری” منعقد ہوا، جس میں ماہرین زراعت، فیلڈ سٹاف اور زمینداران نے شرکت کی۔

تربیتی سیشن میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل اسپیشلسٹ ڈاکٹر طارق سعید اور اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر سید غلام مرتضیٰ گیلانی نے زمینداروں کو زبانی و عملی تربیت فراہم کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ زراعت ڈاکٹر اعجاز خان نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے فیلڈ سٹاف کو ہدایت دی کہ زیتون پیوندکاری مہم کو پوری سنجیدگی اور لگن سے کامیاب بنایا جائے اور کاشتکاروں کو اس عمل میں بھرپور شامل کیا جائے۔

ڈاکٹر اعجاز خان نے تجویز دی کہ موضع کی سطح پر انجمن دہقان کا قیام عمل میں لایا جائے، جس میں صرف زمینداروں کی نمائندگی ہو تاکہ زراعت کو ایک مؤثر کاروبار کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔

3 لاکھ جنگلی پودوں کی پیوندکاری کا ہدف مقرر
ناظم اعلیٰ زراعت نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں جنگلی زیتون موجود ہیں۔ اس سیزن میں تین لاکھ جنگلی پودوں کی پیوندکاری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز چھتر کلاس سے کر دیا گیا ہے۔

چھتر کلاس کو زیتون ویلی قرار دے دیا گیا
نائب ناظم زراعت ضلع مظفرآباد راجہ ظہیر اقبال نے ناظم اعلیٰ زراعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ فیلڈ سٹاف کے ساتھ مل کر اپنے علاقوں میں موجود جنگلی کہو پودوں پر زیتون کی اعلیٰ اقسام کی پیوندکاری کو یقینی بنائیں تاکہ زرعی خوشحالی کا خواب حقیقت میں بدلا جا سکے۔

ناظم اعلیٰ زراعت نے زرعی توسیع مرکز دولائی اور چھتر کلاس کا فیلڈ وزٹ بھی کیا، زیتون باغات اور سبزیات کا معائنہ کیا اور مقامی زمینداروں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے چھتر کلاس میں خود زیتون کا پودا پیوند کر کے پیوندکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا اور اس علاقے کو ’زیتون ویلی‘ قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سیزن میں چھتر کلاس میں موجود 5000 جنگلی کہو پودوں کو زیتون میں تبدیل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں