0

ریڈ فاؤنڈیشن کے طلباء کی شاندار کارکردگی میٹرک امتحان 2024-25 کے نتائج میں دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل

ڈیلی پرل ویو (نمائندہ خصوصی) میرپور آزاد کشمیر بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک امتحان 2024-25 کے نتائج میں ریڈ فاؤنڈیشن کے طلباء و طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کر لیں۔ تعلیمی نیٹ ورک ریڈ فاؤنڈیشن کے 45 طلباء ٹاپ 20 پوزیشنز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، جن میں دو یتیم بچے بھی شامل ہیں۔

ریڈ فاؤنڈیشن کالج پلندری (گرلز) کی طالبہ صالحہ عباس نے 1185 نمبرز لے کر دوسری جبکہ عائشہ یوسف نے 1182 نمبرز حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دیگر نمایاں طلباء میں طیبہ فرید نے دوسری اور عثمان لیاقت نے اٹھارویں پوزیشن حاصل کی۔

ان خیالات کا اظہار جنرل منیجر پروگرام ڈویژن ریڈ فاؤنڈیشن محمد اسلم حجازی نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی منیجر ایجوکیشن حسیب احمد، ہیڈ آف آرفن ڈیپارٹمنٹ عباس احمد، نیٹ ورک کے پرنسپلز، اساتذہ، نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء اور ان کے والدین بھی موجود تھے۔

محمد اسلم حجازی نے اس کامیابی کو طلباء کی محنت، والدین کے اعتماد اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ فاؤنڈیشن ہمیشہ سے معیاری تعلیم کے فروغ اور طلباء کی کردار سازی میں نمایاں کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔ اُنہوں نے اس موقع پر کہا:

“ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہمارے ادارے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی علم کی شمع روشن کر رہے ہیں۔”

انہوں نے ریڈ فاؤنڈیشن کے سی ای او افضال احمد، بورڈ آف ڈائریکٹرز، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ شاہ زیب حنیف، اور ریجنل مینیجرز کو بھی مبارکباد دی، خاص طور پر ریجن پونچھ کے ریجنل منیجر محبوب حسین، ان کی ٹیم اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ شاہ زیب حنیف نے کہا کہ:

“ریڈ فاؤنڈیشن تعلیم کے میدان میں اپنی روایت کو قائم رکھے ہوئے ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔”

پوزیشن ہولڈر طلباء نے اس کامیابی کو اللہ تعالیٰ کے فضل، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ملک و ملت کا نام روشن کریں گے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر کامیاب طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے کیک کاٹا گیا اور ریڈ فاؤنڈیشن کی تعلیمی جدوجہد کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں