مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آزاد جموں و کشمیر میں رواں مالی سال 2024-25 کے دوران منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں کی مانیٹرنگ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اہم پیش رفت — سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیویلپمنٹ نے فزیکل انسپکشن کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے ترقیاتی بجٹ کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت ہر ضلع میں جاری سکیموں کی زمینی صورتحال اور معیار کا خود جا کر جائزہ لیا جائے گا۔
فزیکل انسپکشن ٹیموں کا مقصد:
ترقیاتی اسکیموں میں شفافیت کو یقینی بنانا
منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کا جائزہ لینا
ناقص کارکردگی پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش
عوامی شکایات کا ازالہ اور زمینی حقائق کی روشنی میں رپورٹ مرتب کرنا
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر ناقص حکمت عملی، غیر معیاری کام یا اسکیموں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ٹیموں کو فیلڈ میں جا کر اسکیم وار انسپکشن اور تفصیلی رپورٹنگ کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
عوامی اور بلدیاتی نمائندوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ترقیاتی کاموں میں بہتری آئے گی بلکہ وسائل کا صحیح استعمال بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔