ڈیلی پرل ویو (نامہ نگار) یونین کونسل دچھور میراں کی عوام نے حکومتی بے حسی اور وعدہ خلافی سے تنگ آ کر ایک بار پھر اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی مرمت کا کام شروع کر دیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ بارہا حکومتی نمائندوں سے رابطے کر چکے ہیں، مگر انہیں محض طفل تسلیوں سے بہلایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، دو سال قبل بھی دچھورمیراں کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت مین روڈ پختہ کی تھی، مگر حالیہ بارشوں اور وقت کے ساتھ سڑک دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی۔ حکومتی نمائندے مسلسل وعدے کرتے رہے کہ سڑک آئندہ بجٹ میں شامل ہو جائے گی، مگر آج تک کوئی عملی اقدام نہ ہو سکا۔
اپنے ہاتھوں سے مرمت، عوام کی غیرت، حکومت کی شرمناک خاموشی
عوام کا کہنا ہے کہ یہ منظر قابلِ فخر بھی ہے اور قابلِ شرم بھی — فخر اس لیے کہ عوام نے حکومتی غفلت کے باوجود خود کام سر انجام دیا، اور شرم اس لیے کہ جنہیں عوام نے منتخب کیا، وہ آج تک وعدوں، دعوؤں اور تقاریر سے آگے نہ بڑھ سکے۔
منتخب نمائندے منظر سے غائب
علاقہ دچھورمیراں وزیر حکومت چوہدری محمد رشید اور چیئرمین ضلع کونسل امتیاز عباسی کا آبائی گاؤں ہے، مگر افسوس کہ نہ تو سڑک کی مرمت کے لیے فنڈ جاری کیے گئے اور نہ ہی کوئی حکومتی نمائندہ عوامی مسائل سننے آیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اب مایوس ہو چکے ہیں اور اب صرف اللہ کے سہارے اور اپنی محنت پر یقین رکھتے ہیں۔