ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نیوز رپورٹر) – سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے موجودہ وزیراعظم انوار الحق پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں “آزادکشمیر کا وڈیرہ” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی چالیس سالہ سیاسی زندگی کا واحد دھبہ انوار الحق کو ووٹ دینا ہے۔
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ “یہ گناہ مجھ سے اور شاہ غلام قادر سے ہوا، اس میں میاں نواز شریف کا کوئی کردار نہیں تھا۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم انوار الحق نے نیلم ویلی میں اُن کے، شاہ غلام قادر اور طارق فاروق کے خلاف تقاریر کیں، حالانکہ وہ سب نظریاتی مسلم لیگی رہنما ہیں۔
وزارتِ عظمیٰ چھوڑنے کی پیشکش؟
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ انوار الحق نے انہیں تین بار کہا کہ “جب آپ کہیں گے، میں وزارت سے استعفیٰ دے دوں گا۔” جس پر فاروق حیدر نے جواب دیا: “ابھی نہیں، جب استعفیٰ دیں گے تو سب مل کر دیں گے۔”
ان کا کہنا تھا کہ “یہ شخص زیادہ دیر رکے گا نہیں، لیکن اپنی مختصر مدت میں آزادکشمیر میں کئی خرابیاں پیدا کر گیا ہے۔”
مسلم لیگ کو مضبوط کرنے کا عزم
بات کو سمیٹتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا: “ہم مسلم لیگی ہیں، اور ہماری خواہش ہے کہ مسلم لیگ کو آزادکشمیر میں دوبارہ منظم و مضبوط کیا جائے۔”