ڈیلی پرل ویو.نادرا آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے آزاد جمو ں وکشمیر الیکشن کمیشن سے بھر پور تعاون کرے گا۔اس بات کی یقین دہانی آج یہاں چیئرمین نادرالیفٹینٹ جنرل محمد منیر افسر نے ممبر الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر سید نظیر الحسن گیلانی کیساتھ ملاقات میں کروائی ۔ممبر الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا سے انتخابی عمل کی شفافیت کے لئے مہاجرین مقیم پاکستان کے قومی شناختی کارڈز میں ان کی کشمیر ی شناخت کے اندراج ،انتخابی فہرستوں کی طباعت کے معاوضوں میں کمی ،دونوں اداروں کے درمیان ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام اور آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے تحفظ اور کمیشن کی جانب سے پولنگ اسکیمز کے اجرا ء میں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے نادرا کی معاونت اور اس ضمن میں کمیشن کے متعلقہ عملہ کی ضروری تربیت وغیرہ سے متعلقہ مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔چیئرمین نادرا نے آزاد جموں وکشمیر میں آزادانہ ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئےالیکشن کمیشن کے عز م کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں اپنے ادارے کے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ملاقات میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی راشد حنیف کے علاوہ نادرا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔اس موقع پر چیئرمین نادرا نے ممبر الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنے ادارہ کی جانب سے سونیئر بھی پیش کئے جبکہ ممبر الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن آزاد جموںوکشمیر کی جانب سے چیئرمین نادرا اور چیف پراجیکٹ آفیسرنادرا کو اپنے ادارہ کی جانب سے سونیئر پیش کئے۔یہ بات ترجمان آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتائی گئی۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل