ڈیلی پرل ویو.ہٹیاں بالا (نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر کامران خان، مجسٹریٹ پرائس کنٹرول ضلع جہلم ویلی راجہ کاشف لطیف خان اور انسپکٹر پرائس کنٹرول اقراء یوسف نے ہٹیاں بالا بازار سمیت مختلف علاقوں میں گھریلو سلنڈرز کی قیمتوں، معیار اور حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا۔
یہ کارروائی سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس خالد محمود مرزا اور نائب ناظم صنعت و تجارت راجا جاوید انور کی ہدایت پر کی گئی۔ پرائس کنٹرول ٹیم نے بازار میں فروخت ہونے والے گھریلو سلنڈرز کی مقدار، معیار اور آگ بجھانے کے آلات سمیت دیگر حفاظتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے گیس ڈیلرز کو آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی یقینی بنانے اور حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد کی تاکید کی۔ سپیشل مجسٹریٹ راجہ کاشف لطیف خان نے کہا کہ اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں پر سختی سے عمل کروایا جائے گا۔ انہوں نے کراس فلنگ کرنے والے گیس ڈسٹری بیوٹرز کو فوری وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کو بند کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکرٹری انڈسٹریز کی خصوصی ہدایات پر ضلع جہلم ویلی میں انسپکٹر پرائس کنٹرول کا باقاعدہ دفتر قائم کر دیا گیا ہے، جس سے عوام الناس اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے تعین اور شکایات کے سلسلے میں رابطہ کر سکتے ہیں۔