ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) –لنگر پورہ سٹلائیٹ ٹاؤن فیز ٹو کے رہائشی شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔ محکمہ برقیات نے ایم ڈی اے سے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے بجلی فراہمی کے عوض وصول کرنے کے باوجود نہ صرف بجلی کی فراہمی ممکن نہیں بنائی بلکہ پہلے سے نصب شدہ ٹرانسفارمرز بھی اتار لیے گئے۔
ذرائع کے مطابق، محکمہ برقیات اور ایم ڈی اے کے مابین یہ معاہدہ طے پایا تھا کہ سٹلائیٹ ٹاؤن کو چوبیس گھنٹے بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی، تاہم تاحال اس معاہدے پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ ٹاؤن کے فیز ٹو میں نہ صرف دن بھر بجلی بند رہتی ہے بلکہ رات کے اوقات میں بھی فورس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پلاٹ اور مکانات پر لاکھوں روپے خرچ کیے مگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر بجلی کی فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
مطالبہ برائے فوری نوٹس
فیز ٹو کے مکینوں نے وزیراعظم آزادکشمیر، وزیر برقیات، چیف سیکرٹری اور ایم ڈی اے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لنگر پورہ سٹلائیٹ ٹاؤن فیز ٹو کو فوری بجلی فراہم کی جائے اور سابقہ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آ سکے۔