ڈیلی پرل ویو. شاردہ (نیلم): شاردہ کھریگام کے مقام پر دریائے نیلم میں نہاتے ہوئے نوجوان مدثر صدیق دریائی موجوں کی نذر ہو گیا۔ واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ، ایس ڈی ایم اے، ریسکیو اداروں، مقامی افراد اور پاکستان آرمی نے مشترکہ ریکوری آپریشن شروع کر دیا۔
ڈی سی نیلم اور ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے کی ہدایت پر ایس ڈی ایم اے مظفرآباد کی ماہر غوطہ خور اور پروفیشنل واٹر ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور سرچ و ریکوری آپریشن میں مصروف عمل ہے۔
گزشتہ روز سے مقامی پولیس، بوٹنگ کلب شاردہ، رضاکاروں اور پاک فوج کے اہلکار بھی ریکوری آپریشن میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر شاردہ خود موقع پر موجود رہ کر ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈی جی ایس ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنر نیلم نے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عوام علاقہ سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو دریا کے قریب جانے سے روکیں تاکہ اس قسم کے مزید دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ حادثے کے بعد سے مقامی نوجوان اور علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت مسلسل ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔