شاردہ (ڈیلی پرل ویو)آزاد کشمیر کی جنت نظیر وادی نیلم میں واقع سیاحتی مقام شاردہ میں کشتی رانی (ریور رافٹنگ) کے دلفریب مناظر اور ایڈونچر سرگرمیاں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ ملک بھر سے سیاح بڑی تعداد میں شاردہ کا رُخ کر رہے ہیں تاکہ دریائے نیلم کے نیلگوں، شفاف اور برف زاروں سے آنے والے پانیوں میں بوٹنگ اور رافٹنگ سے لطف اندوز ہو سکیں۔
حکومت آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات اور ترجمان حکومت پیر مظہر سعید شاہ نے شاردہ میں موجود مختلف بوٹنگ کلبز کا اچانک دورہ کیا تاکہ سیاحوں کی حفاظت سے متعلق ایس او پیز (SOPs) پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔ وزیر موصوف نے کلبز کی جانب سے کیے گئے حفاظتی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور خود پاور بوٹ چلا کر سیاحوں کو خوش آمدید کہا۔
وزیر اطلاعات نے بوٹنگ کلب کی جانب سے کیے گئے ریسکیو آپریشنز کی مشقیں بھی ملاحظہ کیں اور مقامی و غیر ملکی سیاحوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے سیاحتی صنعت کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اس وقت شاردہ میں چار سے زائد باقاعدہ رجسٹرڈ بوٹنگ کلبز سرگرم عمل ہیں، جن میں کشمیر اسٹار لائن بوٹنگ کلب، کشمیر بوٹنگ کلب، بلیو واٹر بوٹنگ اینڈ رافٹنگ ایڈونچر کلب اور مرینہ بوٹنگ کلب شامل ہیں۔ ان کلبز سے پچاس سے زائد مقامی افراد براہِ راست روزگار سے منسلک ہیں۔ کلبز نے حکومت سے باقاعدہ NOC حاصل کر رکھا ہے اور تمام حفاظتی ضابطوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔
سیاحوں اور مقامی افراد نے بھی حکومتی اقدامات اور بوٹنگ کلبز کے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید سیاحوں کو وادی نیلم کا رُخ کرنے کی دعوت دی۔
شاردہ میں کشتی رانی کی یہ ابھرتی ہوئی صنعت نہ صرف آزاد کشمیر کی سیاحت کو فروغ دے رہی ہے بلکہ مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس صنعت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کرے اور موجودہ حفاظتی انتظامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ سیاحوں کی زندگیاں مکمل طور پر محفوظ رہیں۔