چڑھوئی (ڈیلی پرل ویو)تحصیل چڑھوئی کے علاقے پتیاں موڑ تا محلہ مہتیاں لنک روڈ پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود سڑک چند ہی ہفتوں میں مختلف مقامات سے اکھڑنا شروع ہو گئی ہے۔ مقامی عوام نے اس سنگین صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے کھلی کرپشن، ناقص میٹریل اور سیاسی مداخلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ لنک روڈ منصوبہ بدعنوانی کی واضح مثال ہے۔ سڑک کی موجودہ حالت اس بات کی غماز ہے کہ منصوبے میں معیار، شفافیت اور نگرانی کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔ صرف سڑک ہی نہیں، بلکہ عوام کا اعتماد بھی بری طرح مجروح ہوا ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے دوران متعلقہ ٹھیکیدار نے غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جبکہ محکمہ شاہرات (PWD) کوٹلی کی مبینہ ملی بھگت اور بعض سیاسی عناصر کی مداخلت نے سڑک کی تباہی میں اہم کردار ادا کیا۔ عوامی نمائندوں کا دعویٰ ہے کہ منصوبہ عوامی سہولت کے بجائے کچھ مفاد پرست عناصر کی جیبیں بھرنے کا ذریعہ بن گیا۔
علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور وزیر تعمیرات و شاہرات آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس منصوبے کا نوٹس لیا جائے، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے، اور سڑک کی تعمیر ازسرِ نو، دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ مکمل کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
0