0

آزاد کشمیر ہوٹل،گیسٹ ہاؤسز،میرج ہال اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کاپی ایس او کے نفاذ کے پرشدید ردِعمل

ڈیلی پرل ویو. آزاد کشمیر ہوٹل،گیسٹ ہاؤسز،میرج ہال اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کاپی ایس او کے نفاذ کے پرشدید ردِعمل، مزاحمتی تحریک کی دھمکی،تاجر رہنماؤں کی مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس، حکومت آزاد کشمیر کو وارننگ،ٹیکس واپس لو یا احتجاجی تحریک کا سامنا کرنے کے لیے کے لیے تیار رہو۔آزاد کشمیر میں پی ایس او (پریسکرائبڈ سیلز اینڈ سروسز ٹیکس آرڈر) کے مجوزہ نفاذ کے خلاف ہوٹل،گیسٹ ہاوسز،میرج ہال سراپا احتجاج بن گئی۔ آزاد کشمیر ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز، میرج ہال اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر راجہ الیاس خان نے مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس او کا نفاذ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ صدر راجہ الیاس خان نے ہمراہ شوکت نواز میر،راجہ افتخار، چوہدری صغیر احمد، تنویر احمد قریشی، صدیق احمد راٹھور، حاجی حسان دانش اور دیگر اہم تاجر رہنماؤں کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہوٹل، ریسٹورنٹس، گیسٹ ہاؤسز اور میرج ہالز سمیت دیگر کاروباری شعبہ جات پر ٹیکسز کا غیر منصفانہ بوجھ ڈالنے کی کوشش معاشی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ مہنگائی، بجلی کے نرخ، ٹیکسز اور حکومتی بے حسی کی موجودگی میں تاجر پہلے ہی بدترین بحران سے گزر رہے ہیں۔ ایسے میں پی ایس او جیسے اقدامات کاروباری سرگرمیوں کو مزید برباد کر دیں گے۔تاجر رہنماؤں نے آزاد کشمیر میں کمزور انفراسٹرکچر، سہولیات کی کمی اور کاروباری ماحول کی غیر یقینی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تاجر اپنی مدد آپ کے تحت کاروبار چلا رہے ہیں اور حکومت سے صرف یہ توقع رکھتے ہیں کہ مزید بوجھ نہ ڈالا جائے۔پریس کانفرنس میں خبردار کیا گیا کہ اگر پی ایس او کا نفاذ زبردستی کیا گیا تو جموں و کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی، مرکزی انجمن تاجران اور دیگر کاروباری تنظیمیں مشترکہ مزاحمتی تحریک کا آغاز کریں گی، جس کی مکمل ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔تاجر نمائندگان نے ”گرین ٹورزم” یا کسی بھی بیرونی کمپنی کے ذریعے آزاد کشمیر کے وسائل پر قبضے کی کوششوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا کہ ایسی کسی بھی سازش کی سخت مزاحمت کی جائے گی۔آخر میں انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر سی بی آر کے ذریعے تاجروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ریاست گیر سطح پر شدید احتجاج کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں