مظفرآباد (ڈٰیلی پرل ویو) وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق، چیئرمین سی بی آر چوہدری رقیب، اور کمشنرز ان لینڈ ریونیو (نارتھ و ساؤتھ) کی جانب سے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کے بعد ان لینڈ ریونیو ملازمین نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت تالہ بندی ہڑتال کو وقتی طور پر مؤخر کر دیا ہے۔ تاہم حتمی نوٹیفکیشن کے اجرا تک قلم چھوڑ ہڑتال تیسرے مرحلے میں بدستور جاری رہے گی۔
ان لینڈ ریونیو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد آصف اور دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ سوموار سے احتجاج اپنے تیسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اور اس دوران آزادکشمیر بھر میں دفاتر کی تالہ بندی وقتی طور پر ختم کر دی گئی ہے تاکہ حکومت کو ایک بار پھر مہلت دی جا سکے۔ تاہم مطالبات کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی صورت میں 11 اگست سے نیا اور فیصلہ کن لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔
عہدیداران نے واضح کیا کہ ملازمین کا بنیادی مطالبہ 2022 سے اسپیشل اور پرفارمنس الاؤنس کی باقاعدہ ادائیگی ہے، تاکہ انہیں درپیش معاشی دباؤ میں کمی آئے اور وہ اطمینان کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔
انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، چیف سیکرٹری خوشحال خان اور چیئرمین سی بی آر چوہدری رقیب سے اپیل کی کہ نوٹیفکیشن میں تاخیر نہ کی جائے اور فوری احکامات جاری کیے جائیں تاکہ سرکاری مشینری کو معمول پر لایا جا سکے۔