ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) — پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام معروف کشمیری حریت رہنما شیخ عبد العزیز شہید کا 17واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر دارالحکومت مظفرآباد میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرنے والے جملے درج تھے۔ شریک افراد نے “خون رنگ لائے گا، انقلاب آئے گا” اور “شہیدِ عزیمت زندہ باد” جیسے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ ریلی سینٹرل پریس کلب سے اولڈ سیکرٹریٹ تک نکالی گئی۔
خطاب کرنے والوں میں چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی، پیپلز پارٹی کے شوکت جاوید میر، وائس چیئرمین پاسبان حریت عثمان علی ہاشم، قاری بلال احمد فاروقی، چوہدری فیروز الدین، سر انداز میر، محمد اسلم انقلابی، عظمت حیات کشمیری، اور جماعت اسلامی کے عبدالصمد ایڈووکیٹ شامل تھے۔
مقررین نے کہا کہ شیخ عبد العزیز شہید نے 2009 میں “مظفرآباد چلو” پیدل مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اوڑی میں جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کے بقول، بھارت نے انہیں شہید کر کے کشمیری عوام کی اجتماعی سوچ کو دبانے کی کوشش کی، لیکن یہ جدوجہد جاری رہے گی اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔