مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو ) پاسبان حریت جموں کشمیر نے 14 اگست کو یوم تشکر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔ پاکستان کشمیری عوام کے حق آزادی کی حمایت جبکہ بھارت کشمیریوں سے ریاست چھیننے کی سازش کر رہا ہے۔ عزیر احمد غزالی۔پاکستان کا یومِ آزادی کشمیری عوام کے لیے باعثِ مسرت ہے جبکہ 15 اگست یوم سیاہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں کیا۔ انکا کہنا تھا کہ مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی فطری و نظریاتی وابستگی ہمالیہ کی طرح بلند ہے۔ کشمیری عوام مذہبی، ثقافتی اور نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستگی رکھتے ہیں۔ تحریکِ پاکستان کے دوران سے ہی کشمیر کے بڑے بڑے رہنما پاکستان کے حامی رہے۔ انکا کہنا تھا کہ 19 جولائی 1947 کو سرینگر میں کشمیری قیادت نے قرارداد الحاق پاکستان متفقہ طور پر منظور کی۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کی اور عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حق آزادی کی آواز کو بلند کیا ہے۔ اور کشمیری مہاجرین کی میزبانی کی۔ غزالی نے کہا کہ 14 اگست کشمیری عوام کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور یکجہتی کے اظہار کا دن ہے اس دن آزاد کشمیر کے عوام، مہاجرین بستیوں کے مکین اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری خوشی مناتے ہیں۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ 15 اگست کا دن بھارت کا یومِ آزادی ہوتا ہے لیکن جموں کشمیر کے عوام اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ اسلیئے کے بھارت کشمیریوں کی آزادی چھین کر خود یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں رکھتا۔ غزالی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے فوجی طاقت سے جموں کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا جو کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور خواہشات کے مکمّل خلاف تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے اقوامِ متحدہ میں کشمیری عوام سے خود استصوابِ رائے کا وعدہ کیا تھا مگر آج تک اس پر عمل نہیں کیا بلکہ مزید فوجی تسلط اور سخت قوانین نافذ کر دیئے ہیں۔ کشمیری عوام کی جدوجھد آزادی کو کچلنے کیلئے بھارت بدترین جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں ہزاروں کشمیری شہید، زخمی اور لاپتہ ہو چکے ہیں۔ بھارت نے اقوامِ متحدہ کے ضابطوں اور اصولوں کو توڑ کر 5 اگست 2019 کے دن خصوصی متنازعہ حیثیت ختم کرکے کشمیریوں کی شناخت چھین لی ہے۔ عزیر غزالی نے کہا کہ 15 اگست کو کشمیری عوام سیز فائر لائن کے دونوں اطراف مکمل ہڑتال اور احتجاج کر کے دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ وہ بھارت کے جبری قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان حریت جموں کشمیر 14 اگست کو یوم تشکر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منائے گی۔ یوم سیاہ کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد اور چناری کے مقام پر احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل