ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (سٹاف رپورٹر)سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ 14 اگست مملکت خداداد پاکستان کے قیام کی وہ تاریخی یادگار ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت، علامہ اقبال کے خواب اور برصغیر کے مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی پلیٹ میں پیش نہیں کی جاتی بلکہ لاکھوں جانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہوتی ہے۔ پاکستان کا قیام ایک ایسے نظریے کی بنیاد پر ہوا جہاں مسلمان اسلام کے اصولوں کے مطابق آزاد زندگی گزار سکیں۔
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ یوم آزادی صرف جشن کا دن نہیں بلکہ خود احتسابی، تجدید عہد اور قربانیوں کی یاد کا دن ہے۔ ہمیں ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے صوبائی، لسانی اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر متحد رہنا چاہیے۔
انہوں نے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیاں دشمن کو واضح پیغام دیتی ہیں کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سپیکر اسمبلی نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کے باوجود جرات و حوصلے سے ڈٹے ہوئے ہیں اور جلد ہی تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا مکمل ہوگا۔