مظفرآباد میں پاسبانِ حریت کی اظہارِ تشکر ریلی – بارش کے باوجود شہریوں کی بھرپور شرکت 0

مظفرآباد میں پاسبانِ حریت کی اظہارِ تشکر ریلی – بارش کے باوجود شہریوں کی بھرپور شرکت

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام اظہارِ تشکر ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، شعبہ خواتین کی سربراہ مہناز قریشی، مہاجرین کے راہنما چوہدری محمد اسماعیل اور دیگر رہنماؤں نے کی۔

شدید بارش کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی، شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور مرکزی شاہراہ پر مارچ کرتے ہوئے ’’پاکستان سے رشتہ، لا الہ الا اللہ‘‘، ’’تیری جان میری جان، پاکستان پاکستان‘‘ اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ’’زندہ باد پاکستان‘‘ اور ’’مردہ باد ہندوستان‘‘ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عزیر احمد غزالی، عثمان علی ہاشم، مہناز قریشی، آصف مخدومی، محمد اسلم انقلابی اور محمد اسحاق شاہین نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز اور مظلوم کشمیریوں کا وکیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بانیانِ پاکستان، شہداء اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور الحاقِ پاکستان کو اپنا حتمی مقصد سمجھتے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے، اور کشمیری بھارت سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنوبی ایشیاء میں بھارت کی اجارہ داری کو توڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور کشمیری عوام اس غیر متزلزل حمایت پر ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں