ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (ہارون آزاد) صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کی خصوصی ہدایت پر آزاد جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں جشنِ آزادی پاکستان شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ دارالحکومت مظفرآباد سمیت میرپور، راولاکوٹ، ہجیرہ، اٹھمقام اور دیگر تمام اضلاع میں یومِ آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریبات کا انعقاد ہوا، جن میں مسلم کانفرنس کے رہنماؤں، کارکنان، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں دھیرکوٹ سے کوہالہ تک ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ راستے میں مختلف مقامات پر عوام نے پھول نچھاور کر کے اور نعرے لگا کر قائد کا والہانہ استقبال کیا۔ جگہ جگہ پرچم کشائی اور ملی نغموں کی گونج نے فضا کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔ ریلی میں نوجوان، بزرگ، خواتین اور بچے سب شریک تھے، جنہوں نے پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگا کر ماحول کو گرما دیا۔مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر مرزا محمد شفیق جرال، مہرالنساء،راجہ ثاقب مجید، شمیم علی ملک، میجر (ر) نصراللہ خان، چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان، سمعیہ ساجد راجہ،سید نذر عباس شاہ، چوہدری خضر حیات، سردار عابد رزاق، سردار عبدالرشید چغتائی، محترمہ عامرہ خانم، میمونہ کیانی، فضاء سجاد راجہ، عائشہ منصف، امنہ مغل، سجاد انور عباسی، یاسر نقوی ایڈووکیٹ، سید تصور موسوی، سید ثقلین فدا کاظمی،وحیدالحق ہاشمی،منیر قریشی،عابدہ منیر،راجہ لیاقت، شہناز جاوید، راجہ منیر خان، راجہ تبارک، ملک امان، شکور مغل، راجہ محسن مجید، سرخیل مجید اور ذیشان انور عباسی نے کہا کہ 14 اگست 1947ء کا دن مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں حاصل ہونے والا پاکستان عالمِ اسلام کا مضبوط قلعہ اور ناقابلِ تسخیر حقیقت ہے۔مقررین نے کہا کہ معرکہ حق آج بھی جاری ہے اور کشمیری عوام اس جدوجہد میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوج سرحدوں کی محافظ، دشمن کے عزائم کی ناکامی کی ضمانت، اور قوم کی امید کا مرکز ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے لے کر قدرتی آفات میں عوامی خدمت تک، پاک فوج نے ہر میدان میں اپنی بے مثال صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔تقریبات کے اختتام پر قومی پرچم لہرایا گیا، قومی ترانہ پڑھا گیا اور پاکستان و کشمیر کی آزادی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ہر جگہ پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونجتے رہے، جبکہ ریلی اور تقریبات میں عوام کا جوش و خروش اس بات کا غماز تھا کہ کشمیری عوام کا دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل