0

کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان

ڈیلی پرل ویو ۔سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے، پاکستان سے رشتہ “لا الہ الا اللہ” کی بنیاد پر قائم ہے اور یہ ہمارے آباؤ اجداد کا ہم پر قرض ہے۔ مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروائیں گے اور کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وہ جشن آزادی پاکستان اور معرکہ حق کی مناسبت سے خان اشرف خان سپورٹس کمپلیکس راولاکوٹ میں منعقدہ شاندار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سردار یعقوب خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مرد و خواتین پاکستان کے لیے جان نچھاور کرنے والے ہیں، یہاں کا ہر شہری پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں پر یقین رکھتا ہے۔ یہ خطہ غازیوں اور شہداء کی سرزمین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نظریات اور اتحاد پر قائم رہنا ہے، ہندوستان اور مودی کی سوچ کو ناکام بنانا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی کشمیر کو ایک تنازع تسلیم کیا تھا اور کشمیری عوام کے مطابق ہی فیصلہ ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہمارے بھروسے پر ہیں، پاکستان کے خلاف یہاں کوئی شخص نہیں۔

سردار یعقوب خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کا تعلیمی شرح خواندگی سب سے زیادہ ہے اور ہم پاکستان کے سب سے بڑے وفادار ہیں۔ یہاں کی خواتین ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ دنیا میں ہمارے بارے میں غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم نہ صرف کشمیر بلکہ فلسطین کی آزادی کے لیے بھی آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حفاظت اور آزادی میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور مستقبل کی تعمیر میں اس کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اور بچے ہمارے مستقبل کا اثاثہ ہیں اور ان کے لیے بہتر منصوبہ بندی ہماری ترجیح ہے۔
اس سے قبل سردار یعقوب خان نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن سردار ظہیر احمد ، بریگیڈ کمانڈر 2 اے ، ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق کے ہمراہ پرچم کشائی کی ۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا ۔ بچوں نے ملی نغمے پیش کیے بارش کی وجہ سے پروگرام کو مختصر کر دیا گیا تھا ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے ساتھ شامل ہونا ہمارے آباؤاجداد کا خواب ہے انہوں نے پوری قوم کو جشن آزادی پاکستان پر مبارکباد پیش کی اور تقریب آمد پر سب کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سابق وزراء حکومت سردار طاہر انور خان ، سردار عابد حسین عابد ، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب، چیئرمین ضلع کونسل سردار جاوید شریف ، مئیر میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ سردار عبدالنعیم ، صدر آفیسرز ایسوسی ایشن سردار ظفر اقبال ، سُدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے صدر سردار شاہزیب شبیر ، سردار خطاب اعظم ،
ڈپٹی مئیر میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ قاضی نثار احمد خان، چیف آفیسر بلدیہ سردار عاطف نسیم سمیت صحافیوں، وکلاء ، معززین علاقہ سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں