مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو) وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر نثار انصر ابدالی کی زیر صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایمز، سی ایم ایچ ہسپتال راولاکوٹ و مظفرآباد اور جملہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان کا کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت عامہ محمد یونس میر، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ آزاد کشمیر ڈاکٹر فاروق احمد نور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایمز ڈاکٹر سردار ادریس خان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سی ڈی سی ڈاکٹر محمد فاروق اعوان، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ ڈاکٹر عبدالستار خان سمیت تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان نے شرکت کی۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے، ہسپتالوں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کو اولین ترجیح دے رہی ہے، ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔