(ڈیلی پرل ویو )مظفرآباد: مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کی تحریک پر 1500 سالہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سرکاری سطح پر منانے کے لیے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
یہ قرارداد اراکین اسمبلی سردار جاوید ایوب، میاں عبد الوحید اور عبد الماجد خان کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ریاست بھر میں سرکاری سرپرستی میں میلاد النبی ﷺ کی تقریبات، محافل، سیمینارز، نعتیہ مشاعرے، کانفرنسز اور جلوس میلاد کا اہتمام کیا جائے۔
قرارداد کے مطابق:
سرکاری و نیم سرکاری عمارات اور شاہراہوں پر کم از کم 12 دن خصوصی چراغاں اور سجاوٹ کی جائے۔
سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں محافل اور سیمینارز منعقد ہوں۔
میڈیا کے ذریعے سیرت طیبہ ﷺ اور اسوہ حسنہ کا پیغام عام کیا جائے۔
اراکین اسمبلی نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت تاریخِ انسانیت کا سب سے مبارک دن ہے، جس سے اتحاد، یکجہتی اور امن کا پیغام دیا جانا چاہیے۔
مرکزی سیرت کمیٹی کے رہنماؤں نے قرارداد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی خواہشات کی ترجمانی ہے اور اسلامی تشخص کو اجاگر کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، اس قرارداد پر آئندہ اجلاس میں بحث متوقع ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا جائے گا۔