0

پاہل چکوٹھی میں پاسپورٹ آفیسر کا آبائی مکان آگ لگنے سے جل کر خاکستر

ڈیلی پرل ویو،مظفرآباد ( نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ داخلہ پاکستان اور انچارج ریجنل پاسپورٹ آفس جہلم ویلی، راشد محمود اعوان کا آبائی دو منزلہ مکان پاہل چکوٹھی میں آگ لگنے کے باعث مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا، جبکہ ایک قریبی مکان جزوی طور پر متاثر ہوا۔ خوش قسمتی سے اہلخانہ محفوظ رہے تاہم لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی گھریلو سامان، نقدی رقم اور طلائی زیورات آگ کی نذر ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی مگر شعلوں نے سب کچھ راکھ میں بدل دیا۔ ریسکیو 1122 ہٹیاں بالا کو بروقت اطلاع دی گئی، تاہم ان کی گاڑی سب کچھ جل جانے کے بعد موقع پر پہنچی۔

راشد محمود اعوان اس وقت ضلع جہلم ویلی کے ریجنل پاسپورٹ آفس کے انچارج کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ان کا آبائی گاؤں پاہل لائن آف کنٹرول پر واقع ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے اس افسوسناک سانحے پر راشد محمود اعوان اور ان کے والد عاشق حسین اعوان سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کو دوبارہ مکان تعمیر کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے، ساتھ ہی علاقے میں فائر برگیڈ اور ایمبولینس گاڑیاں مہیا کی جائیں تاکہ آئندہ ایسی ناگہانی صورتحال میں عوام کو بروقت سہولت میسر آسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں