ڈیلی پرل ویو،مظفرآباد (سٹاف رپورٹر) بڑھتے ڈینگی فیور اور ملیریا کے مؤثر کنٹرول کے لیے شہر میں فوگنگ سپرے کا آغاز کردیا گیا۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز (متعدی امراض) ڈاکٹر محمد فاروق اعوان کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قراۃ العین کی زیر نگرانی بلدیہ حدود کے گلی محلوں میں فوگنگ سکواڈ نے کارروائیاں شروع کر دیں۔
سید لیاقت حسین نقوی (انچارج فوگنگ سکواڈ)، چوہدری محمد شکیل (فوگنگ آپریٹر) اور راجہ محمد اقبال (جونیئر ٹیکنیشن) کی قیادت میں لوئر پلیٹ، اپر پلیٹ، گلشن کالونی، عیدگاہ محلہ، سیٹھی باغ اور ماکڑی تگارہ سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں بھرپور فوگنگ سپرے کیا گیا۔
ڈاکٹر قراۃ العین نے بتایا کہ مظفرآباد ڈویژن سے اب تک ڈینگی فیور کے 49 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن کا تعلق زیادہ تر سنٹر پلیٹ، امبور مہاجر کیمپ، چروایا اور مضافاتی علاقوں سے ہے۔ ڈینگی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مریضوں کو فوری آئسولیٹ کرنے اور متاثرہ علاقوں میں فوکل کا عمل تیز رفتاری سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا تلف کرنے کے لیے انسداد ڈینگی ٹیمیں پچھلے دو ماہ سے گھروں اور مقامی مقامات پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ تاہم ڈینگی ایکٹ کے تحت دیگر محکموں کی عدم دلچسپی کے باعث محکمہ صحت کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سپرے کے دوران گھروں کے اندر رہیں تاکہ انسیکٹی سائیڈ کے مضر اثرات سے بچا جا سکے اور اردگرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔
متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے محکمہ صحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فوگنگ سپرے پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔