ڈیلی پرل ویو،کمشنرمظفرآبادڈویژن کے زیرصدارت 1500سالہ جشن عیدمیلادخاتم النبیینﷺکے سلسلہ میں ایک میٹنگ منعقدہوئی, میٹنگ میں مظفرآبادڈویژن کے جملہ انتظامی آفیسران کے علاوہ مرکزی صدرسیرت کمیٹی مظفرآباد نے بھی شرکت کی۔کمشنرمظفرآبادڈویژن نے کہا کہ امسال 1500سالہ جشن عیدمیلادخاتم النبیینﷺکے سلسلہ میں تمام عالم اسلام میں عظیم الشان تقاریب/ محافل میلادمنعقدہورہی ہیں اور اسلامی ممالک کی تنظیم (OIC) نے اس حوالہ سے باقاعدہ قراردادبھی منظورکی ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے سرورکائنات حضرت محمدمصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے پرعشرہ رحمتہ للعالمینﷺ کے انعقادکی ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ہرسال کی طرح اس سال بھی شایان شان تقریبات اور تیاریاں کی جارہی ہیں۔ڈپٹی کمشنراضلاع کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں سیرت کمیٹی،انجمن تاجران و دیگرذمہ داران سے رابطہ کرتے ہوئے 1500سالہ جشن عیدمیلادخاتم النبیینﷺ بھرپورطریقے سے منائیں۔یہ دن مسلمانوں کے لئے خوشی، محبت اور شکر گزاری کا دن ہے، جس میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی خوشیوں کا اظہار کیا جاتا ہے۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے کئی اہم اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ اس دن کوشایان شان منایا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس پُرمسرت موقع پر شریک ہو سکیں۔ عید میلاد کے دن شہر اور گلیوں میں رنگ و روشنی کا بہترین انتظام کیا جا رہا ہے۔تمام سرکاری وپرائیویٹ عمارتوں اور سڑکوں کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا،تمام دفاتر، بنکس، ہسپتالوں، بازارہا کو سجایا جائے گا تاکہ شہر کی فضا میں خوشی اور محبت کا پیغام پھیل سکے مختلف مقامات پر نعت خوانی کی محافل کا اہتمام کیا جائے گا۔ مقامی نعت خوانوں اور شعراء کرام کو دعوت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے کلام سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو دلوں میں اجاگر کریں۔ مختلف مساجد اور کمیونٹی ہالز میں سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر مختلف کانفرنسز، تربیتی پروگرامز اور محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر خصوصی پیغامات بھی دیے جائیں گے تاکہ عوام کو پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور سیرت کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔کمشنرمظفرآبادڈویژن کے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا دن ہمارے دلوں میں محبت و عقیدت کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ ہم اس دن کو مذہبی عقیدت کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کے عہد کے طور پر بھی مناتے ہیں۔ ہم تمام افراد کو دعوت دیتے ہیں کہ اس بابرکت دن کی خوشیوں میں شریک ہوں اور اس دن کو محبت، امن اور بھائی چارے کے پیغام کے طور پر منائیں۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل