مظفر آباد (ڈیلی پرل ویو) مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد کے صدر سجاد قیوم میر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ نازک اور کشیدہ صورتحال میں ایوانِ صحافت حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
سجاد قیوم میرکا کہنا تھا کہ ریاست کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ حکومت اور عوامی نمائندہ تنظیمیں ہوش و خرد سے کام لیتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اپنائیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات میں نہ دھکیلا جائے۔
ا نہوں نے کہا کہ ایوانِ صحافت غیرجانبدارانہ اور اصولی بنیادوں پر فریقین کو قریب لانے کے لیے کوشاں ہے، کیونکہ طاقت کے استعمال سے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت آزاد کشمیر کے حالات کو معمول پر لانے کے لیے سب سے مؤثر راستہ بات چیت اور باہمی افہام و تفہیم ہی ہے۔
انہوں نے وفاقی وزراء پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی کوششیں مصالحت اور مفاہمت کی راہ ہموار کر رہی ہیں، تاہم حکومتِ آزاد کشمیر پر بھی لازم ہے کہ وہ فتح و شکست کے تصور سے بالاتر ہو کر اپنی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ادا کرے اور ریاستی مفاد کو مقدم رکھے۔
انہوں نےکہا کہ آزاد کشمیر کی اس غیر یقینی صورتحال میں ہمارا ازلی دشمن بھارت تاک میں ہے کہ وہ اپنی خفت مٹانے کے لیے کسی بھی موقع سے فائدہ اٹھائے۔۔
اس لیے ریاست کے تمام ذمہ دار حلقوں کو دانشمندی اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا