ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) جنرل سیکرٹری شیعہ علما کونسل آزادکشمیر سید مدثر حسین بخاری نے کہا ہے کہ جن بستیوں میں اللہ کے گھر ہوتے ہیں وہ بستیاں کبھی ویران نہیں ہوتیں۔ وہ ہفتہ کے روز مظفرآباد کے مضافاتی گاؤں کردلہ چینجلہ کے دورے کے دوران زیر تعمیر مسجد امام علی رضا علیہ السلام کے تعمیراتی کام کے معائنے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔
کردلہ چینجلہ پہنچنے پر ایڈیشنل جنرل سیکرٹری شیعہ علما کونسل آزادکشمیر سید معصوم علی سبزواری نے ان کا استقبال کیا اور مسجد کے مختلف حصے دکھائے۔ انہوں نے منصوبے کے آئندہ مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
سید مدثر حسین بخاری نے زیر تعمیر مسجد کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی تعمیر میں اہل علاقہ کی دلچسپی ان کے دین سے والہانہ لگاؤ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سید معصوم سبزواری کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کام کے معیار کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ یہ مسجد ایک مثالی مرکز ثابت ہو۔
اس موقع پر معروف عالم دین علامہ قبلہ محمد علی ناصرالدین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔