ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) محکمہ شاہرات، پبلک ہیلتھ، عمارات اور برقیات کے سربراہان نے چھ روزہ لاک ڈاؤن کے بعد دارالحکومت میں پیدا ہونے والی تباہی و بربادی کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے۔ محکموں نے مشترکہ طور پر شہریوں کو پینے کے صاف پانی، بجلی کی بحالی، اور شاہرات و گلی کوچوں کی صفائی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔
ایکسین شاہرات عامہ سید زاہد گیلانی، ایس ڈی او حسیب عباسی، مختار اعوان اور دیگر افسران نے عملے اور بھاری مشینری کے ہمراہ فیلڈ میں جا کر بحالی کے کاموں کی نگرانی کی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پائپ لائنوں، بجلی کے کھمبوں، سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کو درست کرنے کے لیے دن رات کام جاری ہے۔
شہریوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ، برقیات، عمارات، بلدیہ اور شاہرات عامہ کے افسران و اہلکاران کی جانب سے اپنے فرائض منصبی کو احسن انداز میں انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ محکموں کی مشترکہ کوششوں سے شہر تیزی سے معمول پر آ رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان محکموں کو وافر فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹوٹے پھوٹے پائپ، ضائع ہوتا پانی، بھاری مشینری کی مرمت اور ایندھن کی ضروریات بہتر طور پر پوری کی جا سکیں۔ عوامی توقع ہے کہ فنڈز کے اجراء سے بحالی کے عمل میں مزید بہتری آئے گی اور دارالحکومت جلد مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔