0

چیئرپرسن ویمن کمیشن ریحانہ خان کی ڈی آئی خان دہشت گرد حملے کی مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (سٹاف رپورٹر)آزاد جموں و کشمیر ویمن کمیشن کی چیئرپرسن محترمہ ریحانہ خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ملک کے امن، ترقی اور استحکام کے خلاف سازش ہے، مگر پاکستانی قوم اور اس کے محافظ ادارے ایسے بزدلانہ اقدامات سے کبھی مرعوب نہیں ہوں گے۔انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر قوم کو ایک بڑے سانحے سے بچایا۔ ان کی جرات، بہادری اور فرض شناسی قابلِ فخر اور قابلِ ستائش ہے۔ محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ شہداء کی قربانیوں سے روشن ہے، جنہوں نے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے میجر سبطین حیدر شہیدسمیت ڈی آئی خان حملے میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ“قوم اپنے ان بہادر سپوتوں پر فخر کرتی ہے جو وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ہمارے قومی اتحاد، سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔”محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، اور قوم اپنے شہداء کے خون کے بدلے ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنا کر دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور اُن کے سہولت کار کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔چیئرپرسن ویمن کمیشن نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاکرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، اور شہداء کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ”شہداء کے لواحقین تنہا نہیں، پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔”ریحانہ خان نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے وطنِ عزیز کے محافظ ہیں، اور ہر پاکستانی شہری کو اپنے ان ہیروز پر فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں