0

کمشنر میرپور ڈویژن کا بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج کا دورہ، تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار

میرپور (نامہ نگار) ڈیلی پرل ویو.کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور کا تفصیلی دورہ کیا اور 5 ارب 8 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر نئی عمارت کے منصوبے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر اور ایکسین بلڈنگ شہزادہ اورنگزیب نے انہیں تعمیراتی کاموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

دورے کے دوران پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ، ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز سید تخلیق الزمان بخاری، ڈویژنل ڈائریکٹر نسواں محترمہ منزہ کوکب، اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ فرخ اویس سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر چوہدری مختار حسین نے میڈیکل کالج کے نئے تعمیراتی کمپلیکس اور تعلیمی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ 30 جون 2026 تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اپنے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے، لہٰذا ہم سب پر فرض ہے کہ ریاست کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ کمشنر نے زیرِ تعمیر منصوبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر اور ایکسین شہزادہ اورنگزیب کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کی عمارت کو جدید سہولیات سے آراستہ “اسٹیٹ آف دی آرٹ” انداز میں تعمیر کیا جائے تاکہ یہ ریاست کا خوبصورت اور باوقار تعلیمی چہرہ بن سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں