0

محکمہ حسابات آزاد کشمیر کا نیا ادائیگی نظام مکمل فعال، 95 فیصد ادائیگیاں براہِ راست منتقل

ڈیلی پرل ویو.اکاؤنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا کہ محکمہ حسابات میں ادائیگیوں کا نیا اور تیز رفتار نظام مکمل طور پر فعال ہے اور اس کے تحت تمام متعلقہ عملہ پوری طرح تربیت یافتہ ہے۔ ان کے مطابق، 95 فیصد ادائیگیاں براہِ راست ملازمین، اداروں اور سپلائرز وغیرہ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو رہی ہیں، جب کہ چند فیصد ادائیگیوں کا جو مسئلہ درپیش ہے وہ بینکوں کی حد تک تکنیکی وجوہات کے باعث پیش آ رہا ہے، جسے دور کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ان میں کچھ بینک اکاؤنٹ کا بلاک ہونا، کچھ کا شناختی کارڈ نمبر اور کچھ کے IBAN نمبرز کا غلط ہونا وغیرہ ہے۔اکاؤنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن آزاد جموں و کشمیر نے میڈیا میں محکمہ حسابات آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے ادائیگیوں کے نئے اور تیز رفتار MPG نظام کو ناکام بنانے اور ادائیگیوں میں تاخیر کا ذمہ دار محکمہ حسابات کو قرار دینے والی بے بنیاد خبروں پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اکاؤنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شجاعت علی کاظمی نے کہا کہ محکمۂ حسابات میں ادائیگیوں کا یہ نیا نظام حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق دیگر صوبوں کی طرح ریاست آزاد جموں و کشمیر میں بھی نافذ کیا گیا ہے، اور محکمۂ حسابات کے آفیسران و ملازمین نے قلیل مدت میں اسے کامیابی کے ساتھ فعال بنایا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں زیر گردش من گھڑت خبروں کو محکمہ حسابات کی ساکھ کو مجروح کرنے کی ایک منظم مہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر تحقیق اور مؤقف لیے محکمہ کے آفیسران و ملازمین پر الزامات عائد کرنا غیر اخلاقی رویہ ہے۔ کسی ادارے کے حوالے سے خبر شائع کرنے سے پہلے متعلقہ ادارہ کا مؤقف لیا جانا چاہیے۔ سید شجاعت کاظمی نے مزید کہا کہ محکمۂ حسابات میں شکایات کے ازالے کے لیے باضابطہ شکایات سیل قائم ہے، جو موصولہ شکایات پر قواعد کے مطابق بروقت کارروائی کرتا ہے۔ لہٰذا یہ کہنا کہ محکمہ میں شکایات سننے والا کوئی نہیں، سراسر غلط اور بے بنیاد دعویٰ ہے۔ جھوٹے اور مفروضات پر مبنی الزامات لگانے والے عناصر کے خلاف محکمہ قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں