مظفرآباد(ڈیلی پرل ویو) سابق وزیراعظم آزادکشمیر و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کنٹرول کھو چکی ہیں آزادکشمیر کا نظام مزید خراب ہوچکا ہے جو کچھ ہوا پولیس اور انتظامیہ کام کرنے سے ہچکچا رہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیرچویدری انوارالحق کے پاس نا اکثریت رہی نا عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز، انہیں فوری استعفیٰ دے دینا چاہیے یا اسمبلی توڑ دینی چاہیے سیاسی قیادت کی کمزوری کی وجہ سے معاملہ لٹک گیا ورنہ عدم اعتماد کوئی اتنی بڑی بات نہیں تھی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کرنے والے وزراء کو بھی پہلے استعفیٰ دینا چاہیے تھا ۔
وزیراعظم کےخلاف 27 اراکین پورے ہونے پر انہیں اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا جیسا کہا تھا ویسا کرتے اس وقت آزادکشمیر بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے پولیس اور انتظامیہ بد دل ہے کوئی پرسان حال نہیں سیاسی قیادت کو جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔
فاروق حیدر نے کہا کہ چوہدری انوار الحق کی کمزوری کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی عدم اعتماد پہلے بھی ہوتی رہیں مگر یہ صورت حال کبھی نہیں رہی جو حالات پیدا ہوئے آزادکشمیر کیلئے سخت نقصان دہ ہیں مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں ایسے حالات انتخابات کے عمل پر اثرانداز ہو سکتے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کیا۔