جہلم ویلی (ڈیلی پرل ویو)عالمی ماحولیاتی کانفرنس اس ہفتے برازیل میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں دنیا بھر کے سربراہانِ مملکت، وزراء، ماہرینِ ماحولیات اور نوجوان قائدین شرکت کر رہے ہیں ۔
پاکستان کی نمائندگی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر سرکاری حکام بھی برازیل پہنچ چکے ہیں ۔ اسی کانفرنس میں آزاد جموں و کشمیر کے نوجوان رہنما اور ماحولیاتی و سماجی ترقی کے سرگرم علمبردار سید ذیشان حیدر کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا تاکہ وہ عالمی فورم پر آزادکشمیر اور پاکستان کے نوجوانوں کی نمائندگی کر سکیں ۔
تاہم سفری اخراجات اور وسائل کی کمی کے باعث سید ذیشان حیدر اس اہم بین الاقوامی اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔ منتظمین کی جانب سے رہائش اور کانفرنس کے تمام انتظامات مہیا کیے گئے تھے، مگر فلائٹ اور سفری اخراجات مندوب کو خود برداشت کرنے تھے ۔
چونکہ برازیل کا سفر طویل اور مہنگا تھا، اور ذیشان حیدر کا تعلق ایک متوسط طبقے سے ہے، اس لیے وہ اس بار اس عالمی پلیٹ فارم پر اپنے ملک اور خطے کی نمائندگی سے محروم رہ گئے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس سے قبل ہونے والی عالمی یوتھ کلائمیٹ کانفرنس میں سید ذیشان حیدر کو پاکستان اور آزادکشمیر کی نمائندگی کے لیے باضابطہ طور پر منتخب کیا گیا تھا ۔